کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر نکلے جب کہ معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن معید یوسف امریکا کے رہائشی ہیں
وزیر اعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر امریکی شہریت کے حامل ہیں اور معاون خصوصی اورسیز زلفی بخاری بھی دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس برطانوی شہریت ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدریس کے پاس کینیڈا کی پیدائشی شہریت ہے اور وہ سنگاپور کی مستقل رہائشی ہیں۔
معاون خصوصی برائے امور توانائی شہزاد سید قاسم بھی امریکا کے شہری ہیں جب کہ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ندیم افضل گوندل بھی کینیڈا میں مستقل رہائش کا اسٹیٹس رکھتے ہیں
معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ 15 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں اور دستاویز کے مطابق ان کے پاس گلبرگ گرین میں 7 کروڑ روپے مالیت کا فارم ہاؤس بھی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کراچی، لاہور اسلام آباد میں معاون خصوصی اطلاعات کے پاس 5 پلاٹس بھی ہیں جب کہ عاصم سلیم باجوہ رحیم یار خان اور بہاولپور میں 65 ایکڑ اراضی کے بھی مالک ہیں۔
معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر 2 ارب 75 کروڑ روپے کے مالک ہیں جب کہ ان کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ہیں اور اس کے علاوہ بیرون ملک 2 درجن سے زائد کمپنیز میں شیئرز ہیں۔
دستاویز کے مطابق ندیم بابر پاکستان میں 12 کروڑ97 لاکھ روپے کی کمرشل اراضی کے بھی مالک ہیں۔
امریکی گرین کارڈ ہولڈر شہباز گل کے ذمے 2 کروڑ 42 لاکھ کے واجبات ہیں تاہم ان کے موجودہ اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 44 لاکھ روپے ہے۔
دستاویز کے مطابق شہباز گل پاکستان میں ایک پلاٹ، فارم ہاؤس اور بیرون ملک ایک گھر کے مالک ہیں۔
برطانوی شہریت رکھنے والے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری پاکستان میں 1300 کنال سے زائد اراضی کے مالک ہیں۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں زلفی بخاری کے 34 کنال اراضی پر مشتمل پلاٹس ہیں جب کہ لندن میں 48 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز کی جائیداد کے بھی مالک ہیں، اس کے علاوہ بیرون ملک 5 کمپنیوں کے شیئرز بھی ہیں۔
دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ زلفی بخاری کی اہلیہ کے پاس 5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا سونا ہے، زلفی بخاری اور ان کی اہلیہ کے پاکستان میں 24 لاکھ روپے بینکوں میں موجود ہیں۔
دستاویز کے مطابق زلفی بخاری کی بیرون ملک بینکوں میں 17 لاکھ پاونڈ رقم موجود ہے۔
معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم کے دبئی میں تین گھروں کی مالیت دو کروڑ درہم سے زائد ہے، شہزاد سید قاسم کی امریکا میں پراپرٹی کی قیمت 8 لاکھ 65 ہزار ڈالر ہے، شہزاد سید قاسم کے امریکامیں بینک اکاونٹس میں 21 لاکھ ڈالر کی رقم موجود ہے، شہزاد سید قاسم کے دبئی میں بینک اکاونٹس میں 18 لاکھ درہم موجود ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون شہزاد سید قاسم کے پاس 97 لاکھ روپے مالیت کے چار پلاٹ ہیں، شہزاد سید قاسم نے پاکستان میں 12 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں مشیران اور معاونین خصوصی سے دہری شہریت کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
اپوزیشن کی جانب سے معاونین خصوصی کی شہریت کے حوالے سے حکومت پر تنقید کی جاتی رہی ہے اور حالیہ بحرانوں کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد قاسم نے بھی ایک کیس کی سماعت کے دوران کابینہ میں غیر منتخب ارکان کے حوالے سے ریمارکس دیے تھے کہ الزام لگتا ہے حکومت غیر منتخب لوگ چلا رہے ہیں، غیر منتخب لوگ تو اپنا بیگ اٹھاتے ہیں اور اپنے دفتروں کو چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ جو منتخب ہوتا ہے اسے عوام میں جانا پڑتا ہے، وزیر بھی ہو تو عوام کا سامنا کرنا پڑتا ہے، منتخب اور غیر منتخب افراد میں یہی فرق ہے
No comments:
Post a Comment